بہاولپور کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب، پولنگ صبح 8 بجے شروع

بہاولپور (کیو این این ورلڈ)بہاولپور کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ آج ہو گی۔ انتخابی سامان کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر کے مطابق قومی اسمبلی کی اس نشست پر الیکشن کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ دیگر 18 امیدوار بھی مدمقابل ہیں۔ یہ نشست ملک اقبال چنڑ کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔ ان کے صاحبزادے منیر اقبال چنڑ کو مسلم لیگ ن کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی حمایت بھی حاصل ہے، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کی حمایت ان کے والد رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 63 ہزار 143 ہے، جن میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین شامل ہیں۔ حلقے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 130 مردانہ، 130 زنانہ اور 32 مشترکہ ہیں۔

307 پریذائیڈنگ آفیسر جبکہ 941 پولنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز تعینات کیے گئے ہیں۔ یہ حلقہ بہاولپور شہر اور دریائے ستلج کے کچھ دیہی علاقوں پر مشتمل ہے۔ اس حلقے میں کل 20 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *