گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری)سرحد میں نوجوانوں کے لیے کرکٹ گراؤنڈ کی عدم دستیابی کے خلاف مقامی کھلاڑیوں نے سرحد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور متعلقہ حکام سے منظور شدہ کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر کا کام فوری شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
احتجاج میں امانت مہر، جی ایم مہر، مجیب پہوڑ، خان محمد مہر سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر میں مبینہ تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرحد میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی مناسب سہولیات موجود نہیں، جس کے باعث کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ کی منظوری دی جا چکی ہے، تاہم اس کے باوجود تاحال تعمیراتی کام شروع نہ ہونا باعثِ تشویش ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کے مطابق کھیلوں کے میدان نہ ہونے سے نہ صرف ان کی کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے بھی مناسب مواقع میسر نہیں آ رہے۔
مظاہرین نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ منظور شدہ کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر کا کام بلاجواز تاخیر کے بغیر فوری شروع کیا جائے اور سرحد کے نوجوانوں کو کھیلوں کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع مل سکیں۔