آسبرگ (کیو این این ورلڈ)دنیا میں مختلف عالمی ریکارڈ بنتے رہتے ہیں اور کچھ ریکارڈ ایسے حیران کن ہوتے ہیں کہ جن کو دیکھ کر بھی یقین نہیں آتا۔ ایسا ہی ایک دلچسپ ریکارڈ جرمنی کے شہر آسبرگ میں بنا ہے، جہاں آندرے اورٹلوف نامی نوجوان نے صرف 60 سیکنڈ (ایک منٹ) کے قلیل وقت میں سوا کلو گرام سے زائد یعنی 1273 گرام شہد کھا کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور اپنا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا لیا ہے۔
نوجوان کی ریکارڈ قائم کرنے کی اس کامیاب کوشش کے نتیجے میں ان کے پیٹ میں 4000 کلو کیلوریز اور ایک کلو سے زیادہ شوگر گئی ہے، جو کہ ماہرین خوراک کی جانب سے یومیہ تجویز کردہ کھپت سے 20 گُنا زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ آندرے اورٹلوف نامی یہ نوجوان شہری کھانے اور پینے کے اس طرح کے غیر معمولی اور انوکھے چیلنجز پورا کرنے کے لیے دنیا بھر میں خاصی شہرت رکھتا ہے۔