پی ٹی آئی بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان لاہور سے حراست میں، 27 ستمبر کے مارچ سے قبل کارروائی

لاہور (کیو این این ورلڈ /خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو اتوار کے روز لاہور میں تھری ایم پی او (Maintenance of Public Order) کے تحت حراست میں لے لیا گیا اور انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔

خاندانی اور پارٹی ذرائع کے مطابق علیمہ خان اپر مال میں واقع اپنے گھر سے جم خانہ جانے کے لیے ڈرائیور کے ہمراہ نکلی تھیں۔ راستے میں لٹن روڈ پولیس نے انہیں روک کر حراست میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی گاڑی مزنگ تھانے میں کھڑی کر دی گئی جبکہ علیمہ خان کو براہ راست کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے ڈپٹی کمشنر لاہور سے درخواست کی تھی جس پر 3 ایم پی او کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔ اس قانون کے تحت کسی شخص کو عوامی نظم و نسق کے تحفظ کے نام پر حراست میں لیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی نے اس کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی کے مرکزی ترجمان اور پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ علیمہ خان کو ان کے گھر کے باہر سے “اغوا” کیا گیا ہے۔ پارٹی کا موقف ہے کہ یہ کارروائی 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے اعلان کے بعد کی گئی ہے جس کا بنیادی مطالبہ عمران خان کی فوری رہائی ہے۔
پی ٹی آئی سینٹرل انفارمیشن سیکرٹری شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ “ایک بہن کو اپنے بھائی کی بات کرنے کی سزا دی جا رہی ہے” اور مطالبہ کیا کہ علیمہ خان کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

خیال رہے کہ علیمہ خان گزشتہ کئی ماہ سے عمران خان کی صحت، جیل میں ان کی سہولیات اور قید تنہائی کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ وہ بار بار اڈیالہ جیل پہنچ کر اپنے بھائی سے ملاقات کی کوشش کرتی رہی ہیں اور عدالتوں میں بھی پیش ہوتی رہی ہیں۔ حال ہی میں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے تھے جو 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں تھے۔

اس حراست کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ 27 ستمبر کے مارچ سے قبل پارٹی کی اہم شخصیات کے خلاف کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ اس سے قبل بھی کئی کارکنوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ حکام کا موقف ابھی تک سامنے نہیں آیا۔
اس وقت علیمہ خان کوٹ لکھپت جیل میں ہیں اور پارٹی نے ان کی فوری رہائی اور عدالت میں پیشی کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے