کولمبو (کیو این این ورلڈ)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کا اختتام ہوتے ہی سپر 8 مرحلے کی مکمل لائن اپ سامنے آ گئی ہے۔ پاکستان نے گروپ مرحلے کے اہم میچ میں نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جس کے بعد ایونٹ میں یہ فیصلہ بھی ہو گیا کہ کون سی 8 ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی جبکہ 12 ٹیموں کا سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

بھارت اور سری لنکا میں جاری 20 ٹیموں پر مشتمل اس میگا ایونٹ میں گروپ اسٹیج کے بعد آٹھ مضبوط ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ 20 فروری کو آسٹریلیا اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے بعد 21 فروری سے سپر 8 مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔

سپر 8 مرحلے کے لیے ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے گروپ میں بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں، جبکہ دوسرے گروپ میں پاکستان کے ساتھ میزبان سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو رکھا گیا ہے۔

پاکستان کے سپر 8 مرحلے کے میچز کے شیڈول کے مطابق قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 21 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، دوسرا میچ 24 فروری کو انگلینڈ کے مدمقابل ہوگا، جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 28 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلا جائے گا۔

سپر 8 مرحلے میں سخت مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے، جہاں دنیا کی صفِ اول کی ٹیمیں سیمی فائنل تک رسائی کے لیے بھرپور جوڑ آزمائش کریں گی، جبکہ شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے