پشاور (کیو این این ورلڈ)پاکستان میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں کل بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پشاور میں اجلاس کے اختتام پر کیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور کے ڈی جی حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے زین العابدین نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی عتیق اللہ نے بتایا کہ چاند دیکھنے کی پہلی پانچ معتبر شہادتیں اپر دیر سے موصول ہوئیں، جبکہ ضلع مہمند سے بھی چھ شہادتیں زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو موصول ہوئیں۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر آنے کی 40 شہادتیں موصول ہوئیں، جن کی تصدیق کے بعد متفقہ طور پر چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔
پشاور کے علاوہ اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جہاں سے موصول ہونے والی رپورٹس مرکزی اجلاس میں پیش کی گئیں۔ تمام مذہبی، سائنسی اور موسمیاتی شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں ایک ساتھ رمضان المبارک کے آغاز کی تصدیق کی گئی۔
اجلاس سے قبل چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے عوام سے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان شاء اللہ اس سال بھی پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ایک ہی دن ہوگا۔
دوسری جانب خطے کے دیگر ممالک میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش اور بھارت میں بھی چاند نظر آنے کے بعد وہاں بھی 19 فروری کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔