کراچی (کیو این این ورلڈ) کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار پر نامعلوم افراد کی جانب سے پیٹرول بم سے حملہ کیا گیا، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بنگوار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عملے کے ہمراہ لی مارکیٹ میں غیر قانونی تجاوزات ہٹانے میں مصروف تھے کہ اچانک ان کی طرف پیٹرول بم پھینکا گیا۔ پیٹرول بم گرنے سے قریبی ایک دکان میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر انتظامیہ نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت قابو پایا۔

ہاظم بنگوار کا کہنا تھا کہ اس قسم کے حملے انہیں فرائض کی انجام دہی سے نہیں روک سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حملے کے باوجود تجاوزات کے خلاف آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ شہر کی سڑکوں اور بازاروں کو غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرانے کے لیے پرعزم ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ان کے خلاف سرکاری افسر پر حملہ کرنے اور انسدادِ تجاوزات مہم میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے