لاہور (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں احتجاج اور دھاوا بولنے کا شوق ہے تو وہ یہ کوشش کر کے دیکھ لیں، انہیں حقیقت کا اندازہ ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنا دے کر صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جسے انتظامیہ نے حکمتِ عملی سے سنبھال لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مقاصد کے لیے روز روز سڑکیں بند کرنا اور نظامِ زندگی مفلوج کرنا کسی طور مناسب نہیں ہے۔
وزیر داخلہ نے خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بندش کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے کہ صوبے میں بند تمام راستوں کو فوری بحال کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عدالتی فیصلے پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور عوام کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جو افراد سڑکوں کی بندش میں ملوث ہیں، وہ محض اپنے سیاسی مفادات کے لیے عوام کو اذیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔