اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) انجمن مغلیہ اوکاڑہ کے زیرِ اہتمام شہنشاہِ ہند مرزا ظہیر الدین بابر کے 543 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی اور پروقار اجلاس منعقد ہوا۔ تقریب میں مرکزی قیادت نے بانیِ سلطنتِ مغلیہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہنشاہ ظہیر الدین بابر کی جرات، بے مثال شجاعت اور اسلام کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ظہیر الدین بابر کی تاریخ ساز فتوحات اور طرزِ حکمرانی آج بھی مشعلِ راہ ہے، جنہوں نے برصغیر میں ایک عظیم الشان تہذیب کی بنیاد رکھی۔

اس تقریب میں چیئرمین حاجی عبدالستار مغل، صدر حاجی محمد یونس مغل، نائب صدر منشاء مغل، جنرل سیکرٹری مرزا فدا حسین اور نائب صدر ندیم اقبال مغل سمیت طارق مجید مغل، محمد اشفاق مغل، عبدالواحد چغتائی اور غلام رسول مغل نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ شہزاد عرف ننھا اور چک 54 سے مغل برادری کی کثیر تعداد بھی اجلاس میں موجود تھی۔

اجلاس کے اختتام پر مغل برادری کے اتحاد اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔ شرکاء نے پاک فوج کے شہداء، سرحدوں کی حفاظت پر مامور افسران و جوانوں کی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یگانگت کے لیے بھی گڑگڑا کر دعائیں کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے