کراچی (کیو این این ورلڈ) سپر ہائی وے پر کراچی آنے والے ٹریک پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 3 خواتین سمیت 4 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان موٹر وے کے مطابق یہ خوفناک حادثہ بارش کے باعث سڑک پر پیدا ہونے والی پھسلن کی وجہ سے پیش آیا۔ حادثے میں ایک ہائی ایس وین اور 2 ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، جس کے باعث گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے قریبی نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ طبی ماہرین کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کے باعث جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے۔

موٹر وے پولیس نے حادثے کے بعد متاثرہ ٹریک کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں اور شہریوں کو بارش کے دوران احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جائے وقوعہ پر مزید امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے