اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):پاکستان تحریک انصاف نے بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سے متعلق بیانات پر سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے علی امین گنڈاپور کے ان بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا جو انہوں نے بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کے حوالے سے دیے تھے۔ پارٹی قیادت نے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقاتوں کے بعد اس معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ان کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی فیصلے سے قبل پارٹی قیادت نے علی امین گنڈاپور کے تمام انٹرویوز، بیانات اور ویڈیو کلپس کی تفصیلات منگوائیں۔ مکمل مواد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا گیا کہ پارٹی پالیسی اور قیادت کے طے شدہ اصولوں کے تحت کارروائی ضروری ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ، خصوصاً بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سے متعلق کسی بھی قسم کا بیان پارٹی میں ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے متعدد مواقع پر بہت سی باتیں کی ہیں اور بہت کچھ کہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس معاملے پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی اور مناسب وقت پر ان تمام بیانات کا جواب دیا جائے گا۔

سلمان اکرم راجا کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کسی کا قرض نہیں رکھے گی، تاہم آج وہ دن نہیں ہے۔ علی امین گنڈاپور کے تمام بیانات اور اقدامات کا جواب دیا جائے گا اور پارٹی نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے