راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی بڑی کوشش کو بہادری سے ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے، تاہم شدید جھڑپ اور خودکش دھماکے کے نتیجے میں 11 سکیورٹی اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 فروری کو فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے باجوڑ میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا، جس پر فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بارہ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان کے مطابق دہشتگرد چیک پوسٹ کی سکیورٹی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونا چاہتے تھے لیکن اہلکاروں کی بھرپور مزاحمت کے باعث جب ان کا منصوبہ ناکام ہوا تو انہوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور 11 جوانوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس شدید دھماکے کے باعث قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کی زد میں آکر ایک کمسن لڑکی شہید اور خواتین و بچوں سمیت 7 شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ واقعے کے فوری بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے مزید خوارج اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ عسکری قیادت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور معصوم جانوں کا ضیاع کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔