کراچی (کیو این این ورلڈ/ڈاکٹربشیر بلوچ کی رپورٹ) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک گھر پر بڑا سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اس کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ گرفتار ہونے والے تین دہشت گردوں کی نشاندہی پر اس گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران گھر میں موجود ملزمان نے اچانک فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آکر زیرِ حراست تینوں دہشت گرد زخمی ہو گئے اور اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران گھر میں موجود ایک اور دہشت گرد بھی مارا گیا، جن کی شناخت جلیل، نیاز اور حمدان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ کارروائی کے دوران کچھ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
تلاشی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، 5 ہینڈ گرنیڈ اور ایک ایس ایم جی (کلاشنکوف) برآمد کی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر ڈرموں میں تیار کی گئی آئی ڈیز (IEDs) کو ناکارہ بنایا۔ گھر سے ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹک وائر اور سرکٹس بھی ملے ہیں جو بڑی تباہی کے لیے تیار کیے گئے تھے۔
ڈی آئی جی اظفر مہیسر نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے اس گروہ سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور حساس ادارے مفرور دہشت گردوں کی تلاش میں مصروف ہیں تاکہ شہر کو کسی بڑے ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔