اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) رمضان المبارک کی آمد سے قبل اوکاڑہ شہر اور گردونواح میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی مافیا کے خلاف فی الفور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ پسے ہوئے طبقے کو مصنوعی مہنگائی کے شکنجے سے بچایا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منافع خور مافیا پہلے منظم طریقے سے ذخیرہ اندوزی کر کے مارکیٹ میں ضروری اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرتا ہے اور بعد ازاں وہی اشیاء مہنگے داموں فروخت کر کے ناجائز منافع کماتا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی دشوار ہو چکا ہے۔
مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام رحمتوں اور برکتوں کے اس بابرکت مہینے میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبنے کے بجائے یکسوئی کے ساتھ عبادات اور ذکرِ الٰہی میں مصروف رہ سکیں۔ عوامی حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے ابھی سے مارکیٹ میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم فعال نہ کیا تو رمضان المبارک میں مہنگائی کا جن مزید بے قابو ہو جائے گا، جس کا سارا بوجھ غریب دیہاڑی دار طبقے پر پڑے گا۔