گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "رمضان نگہبان پروگرام” کے تحت پیپلز کالونی کے رمضان سہولت بازار میں کیش لیس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس جدید اقدام کے تحت بازار کی 250 دکانوں کو ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کر کے دکانداروں میں نجی سیلولر کمپنی کے تعاون سے کیو آر کوڈز (QR Codes) تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ افتتاح کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقراء مبین، ماڈل بازار انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کے حکام بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد عوام الناس کو جدید، محفوظ اور سہل ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ شہری نقد رقم کے بغیر شفاف طریقے سے خریداری کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیش لیس نظام کے نفاذ سے نہ صرف لین دین میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ شہریوں کو لمبی قطاروں اور نقد رقم سے متعلقہ دیگر مسائل سے بھی نجات ملے گی۔ ضلعی انتظامیہ ماہِ رمضان کے دوران صارفین کو معیاری اور سستی اشیائے ضروریہ کی شفاف فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔