اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اوچ شریف میں قائم سرکاری فلٹریشن پلانٹ کا اچانک بند ہو جانا انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے، جس کی وجہ سے شہری سحری و افطاری کے اوقات میں صاف پانی کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے اس صورتحال کو انتظامیہ کی کھلی نااہلی اور مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب شہر میں صاف پانی کی طلب سب سے زیادہ ہے، ایسے وقت میں فلٹریشن پلانٹ کا کام چھوڑ دینا متعلقہ محکموں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پلانٹ کافی عرصے سے فنی خرابی کا شکار تھا مگر حکام کی جانب سے بروقت مرمت کے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ ہر سال ماہِ صیام اور گرمیوں کے آغاز سے قبل پلانٹ کی دیکھ بھال کے بلند و بانگ دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر صورتحال اس کے برعکس نظر آتی ہے۔

فلٹریشن پلانٹ کی بندش کے باعث شہر کے متعدد محلوں میں خواتین، بزرگ اور معصوم بچے دور دراز کے علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں، جبکہ غریب دیہاڑی دار طبقہ اپنی محدود آمدن کے باوجود مہنگے داموں منرل واٹر خریدنے پر مجبور ہو چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی اس غفلت نے ان کی زندگی اجیرن کر دی ہے، اگر فوری طور پر پلانٹ کو فعال نہ کیا گیا تو وہ سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کریں گے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے لاکھوں روپے کی لاگت سے لگائے گئے ان منصوبوں کا عوام کو کیا فائدہ اگر ضرورت کے وقت ہی یہ جواب دے جائیں، متعلقہ ٹھیکیداروں اور مانیٹرنگ ٹیموں کی خاموشی نے بھی کئی شکوک و شبہات کو جنم دے دیا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور دیگر اعلیٰ حکام سے اس سنگین معاملے پر فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ٹیکنیکل ٹیمیں بلا کر فلٹریشن پلانٹ کی مرمت کروائی جائے اور اس غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں نے واضح کیا کہ اگر رمضان کے پہلے عشرے میں یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، کیونکہ پانی کی عدم فراہمی سے نہ صرف انسانی صحت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں بلکہ روزہ داروں کو بھی شدید مشقت کا سامنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے