اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پاپولیشن مینجمنٹ ویژن کے تحت دیپالپور کے شاداب سٹی پارک میں محکمہ صحت و آبادی کے زیرِ اہتمام ایک روزہ "ایجوکیشنل فیملی میلہ” منعقد ہوا، جس میں فیملیز اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور فیصل شہزاد چیمہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل پنجاب سے راؤ راشد حفیظ نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ میلے کا بنیادی مقصد شہریوں کو آبادی میں تیزی سے اضافے کے اثرات اور خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ اس موقع پر بچوں کے لیے جھولے، میجک شو، بانسری پرفارمنس، جھومر اور کوئز کمپٹیشن جیسے تفریحی پروگرام منعقد کیے گئے، جبکہ صحت مند بچوں اور بہترین جوڑوں کے درمیان مقابلے بھی کروائے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔
میلے میں محکمہ صحت و آبادی، صنعت زار اور ریسکیو 1122 کی جانب سے خصوصی اسٹالز لگائے گئے تھے جہاں شہریوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں ادویات کے ساتھ ساتھ ہنگامی طبی امداد کی عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔ مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آبادی اور وسائل میں توازن برقرار رکھنے کے لیے عوامی رویوں میں مثبت تبدیلی ناگزیر ہے اور حکومتِ پنجاب اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری عاصم ہدایت نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات اور معزز مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں، جس سے تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔