اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں میں خصوصی رمضان بازار قائم کر دیے گئے ہیں جہاں اشیائے خورونوش مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل اوکاڑہ میں ایل بی ڈی سی کے قریب سہولت بازار، رینالہ خورد میں چلڈرن پارک ویلکم روڈ اور تحصیل دیپالپور کے جناح پارک میں رمضان بازاروں نے کام شروع کر دیا ہے، جہاں آٹا، چینی، گھی، دالیں، چاول اور سبزیاں سرکاری نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ان بازاروں کے قیام کا مقصد مہنگائی کے دور میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ رمضان بازاروں میں کوالٹی اور مقررہ نرخوں کو یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران کو فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں گے۔ انہوں نے سخت تنبیہ کی کہ کسی بھی دکاندار کو ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے بازاروں میں صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ لوگ پرامن ماحول میں خریداری کر سکیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان بازاروں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم یا متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے