کولمبو (کیو این این ورلڈ) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے اعزاز میں سری لنکا کرکٹ کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے سری لنکا کرکٹ کے صدر اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی، جبکہ تقریب میں سری لنکن وزیر کھیل سنیل سناوی، سیکرٹری دفاع، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا اور سجیوا گوڈالیاڈا سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ سری لنکا کرکٹ کی جانب سے محسن نقوی کو کھیل کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور کولمبو آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ دونوں بورڈز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں کرکٹ کی بہتری کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ خطے میں اس کھیل کو مزید استحکام مل سکے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کرکٹ کی شاندار مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ یہ لوگوں کے درمیان محبت اور قربتیں بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے، انہیں کولمبو آکر اور یہاں کے حکام سے مل کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں اور وہ ان روابط کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سری لنکن حکام نے محسن نقوی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی، جبکہ اس ملاقات کو ایشیائی کرکٹ کی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تقریب نے ایک ایسے وقت میں پاک سری لنکا دوستی کو مزید نمایاں کیا ہے جب کولمبو میں کرکٹ کا عالمی میلہ سجا ہوا ہے اور دنیا بھر کی نظریں خطے کی کرکٹ پر لگی ہوئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے