ڈھاکا (کیو این این ورلڈ) امیر جماعتِ اسلامی بنگلادیش ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ نے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی عطا فرمائی تو کوئی جشن یا نعرے بازی نہیں ہوگی، بلکہ پوری جماعت سجدہ شکر ادا کرے گی۔ انہوں نے جمعرات کو گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف قوم کی خدمت ہے اور اس کے لیے ہم صرف اللہ سے مدد طلب کریں گے۔ انہوں نے عوام اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ انتخابی نتائج کے حتمی اعلان تک پولنگ اسٹیشنوں کی حفاظت کریں تاکہ عوامی مینڈیٹ کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے ملک کے بعض حصوں میں جعلی ووٹ ڈالنے کی کوششوں کے الزامات بھی عائد کیے، تاہم انہوں نے پرامن رہنے کی تاکید کی۔ دوسری جانب، ڈھاکا میں جماعتِ اسلامی کے مرکزی دفتر میں 11 جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انتخابی عمل کو مجموعی طور پر بہترین قرار دیا گیا۔ سیاسی اتحاد نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ان انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے، جبکہ اس وقت بی این پی اور جماعتِ اسلامی کے درمیان سخت مقابلے کی صورتحال برقرار ہے۔