ڈیرہ اسماعیل خان: (کیو این این ورلڈ) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے پولیس کی گشتی ٹیم پر بزدلانہ حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ فائرنگ کے اس شدید تبادلے میں ایک ڈی ایس پی بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تھانہ پنیالہ کی حدود وانڈہ بڈھ میں پولیس اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ دہشت گردوں نے گھات لگا کر اچانک حملہ کر دیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا مقابلہ کافی دیر تک جاری رہا، جس میں ایس ایچ او فہیم ممتاز خان مروت سمیت پانچ پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ واقعے میں ڈی ایس پی پہاڑ پور سرکل عدنان بھی گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور حملے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔