اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں تمام آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں محسن نقوی نے وزیر اعظم کو آئی سی سی کے معاملات اور دہرے معیار کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ وزیر اعظم نے معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بعد ازاں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شمولیت کے بارے میں حتمی فیصلہ جمعے یا پیر تک کیا جائے گا۔ انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کو آئی سی سی کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور تمام آپشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملہ حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے بتایا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک قانون اور دیگر ممالک کے لیے دوسرا قانون استعمال کرتا ہے، اور بھارت نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان آنے سے انکار کر کے دوسرا وینیو حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلادیش نے بھارت میں سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر نہ جانے کی اطلاع دی تھی، لیکن آئی سی سی نے بنگلادیش کو متبادل وینیو دینے کے بجائے ورلڈ کپ سے خارج کر دیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا تو اسے شمولیت کے عوض مالی فائدہ نہیں ملے گا، اور بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا نقصان زیادہ بھارت کو ہوگا۔