اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف ملک ظفر) شفاف ای-ٹکٹنگ نظام کی جانچ، ٹریفک قوانین کی عملداری اور دھند کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے آگاہی فراہم کرنے کے مقصد سے ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس ساہیوال جمیل احمد ساجد نے ضلع اوکاڑہ کی مختلف شاہراہوں اور پٹرولنگ پولیس انفورسمنٹ ایریاز کا خصوصی دورہ کیا۔ (کیو این این ورلڈ) دورانِ سنیپ چیکنگ انہوں نے پٹرولنگ پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ای-ٹکٹنگ، مقدمات کے اندراج اور گاڑیوں کو تھانوں میں بند کرنے (وہیکلز ایمپاؤنڈنگ) جیسے قانونی اقدامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ریجنل آفیسر کی زیرِ نگرانی جہاں قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر تادیبی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، وہیں شہریوں کو جان لیوا حادثات سے بچاؤ کے لیے روڈ سیفٹی اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ دورانِ بریفنگ جمیل احمد ساجد نے واضح کیا کہ پولیس کی اولین ترجیح عوام الناس کے جان و مال اور عزتِ نفس کو مقدم رکھتے ہوئے سفر کو محفوظ بنانا ہے، اور اس عظیم فریضے کی ادائیگی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پٹرولنگ افسران کو ہدایت کی کہ دھند کے موسم میں شہریوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے فیلڈ میں مستعد رہیں۔