اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف ملک ظفر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کی تعلیمی مدد کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تسلسل میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راشد ہدایت نے شہداء کے بچوں کو جدید تعلیم سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لیپ ٹاپ فراہم کیے۔
اس موقع پر شہید ریاض احمد کی صاحبزادی آمنہ ریاض کو، جو فزکس میں ایم فل کر رہی ہیں، ان کی ریسرچ میں معاونت کے لیے لیپ ٹاپ دیا گیا۔ اس کے علاوہ اشرف طاہر شہید اور محمد حسین شہید کے بچوں میں بھی تعلیمی سہولت کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
ڈی پی او راشد ہدایت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے بچوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور پولیس محکمہ ان کی ہر ممکن تعلیمی و فلاحی معاونت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ وہ خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔