کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے ساحلی علاقوں سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں سردی کی شدید لہر بدستور جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بالائی اور شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب اور بعض مقامات پر اس سے بھی نیچے ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سیاحتی مقام زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ژوب میں پارہ صفر ڈگری تک گر گیا۔ شمالی اضلاع میں پڑنے والی اس کڑاکے کی سردی نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے دیگر حصوں میں بھی سردی کا راج ہے، جہاں نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 3 اور چمن میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گرم ترین علاقوں میں شمار ہونے والے سبی میں درجہ حرارت 7 اور تربت میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسی طرح صوبے کے ساحلی علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اور جیوانی میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے چند روز تک سردی کی یہ لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے