اترپردیش، بھارت (ویب ڈیسک):بھارت میں ایک دلخراش واقعے میں روبی نامی خاتون نے اپنے شوہر راہول کو آشنا کے ساتھ مل کر قتل کر دیا اور لاش کے ٹکڑے دریائے گنگا سمیت مختلف جگہوں پر پھینک دیے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے پہلے اپنے شوہر کے لاپتا ہونے کی شکایت درج کروائی، لیکن 27 دن بعد ایک سڑک پر کالے بیگ میں خراب حالت میں انسانی دھڑ ملا، جس کے ایک حصے پر راہول کے نام کا ٹیٹو موجود تھا۔
پولیس نے گمشدہ افراد کی فہرست میں راہول کا نام تلاش کیا اور روبی کو تفتیش کے لیے طلب کیا۔ جب اس سے شوہر کے کپڑے دکھا کر شناخت کرنے کو کہا گیا تو خاتون نے انکار کر دیا۔ مزید سوالات کے جواب تسلی بخش نہ ہونے پر پولیس نے روبی کا موبائل چیک کیا، جس میں وہی ٹی شرٹ پہنے ایک شخص کی تصاویر ملیں جو کالے بیگ سے برآمد ہوئی تھی۔
مزید تفتیش پر روبی نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے آشنا گوروو کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کیا۔ خاتون نے بتایا کہ شوہر نے آشنا کو گھر پر دیکھ لیا تھا، جس پر اس نے پہلے اپنے شوہر کے سر پر وار کیا اور پھر آشنا کے ساتھ مل کر جسم کے ٹکڑے کیے۔ کچھ ٹکڑے دریائے گنگا میں پھینکے گئے اور باقی دوسرے بیگ میں ڈال کر دوسری جگہ پھینک دیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے روبی اور گوروو کو گرفتار کر لیا ہے اور دونوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔