اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، تاکہ عوام کو بلاتعطل، مستحکم اور ماحول دوست بجلی فراہم کی جا سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں گوادر میں بجلی کی وولٹیج مستحکم کرنے اور صارفین کو مسلسل بجلی کی فراہمی کے لیے جامع منصوبوں پر فوری عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت توانائی کے اقدامات کے باعث گوادر میں بجلی کی فراہمی میں 42 فیصد بہتری آ چکی ہے۔ قلیل مدتی پروجیکٹس کے تحت آئندہ 8 سے 12 ماہ میں بڑے سرکاری اداروں میں 9.7 میگاواٹ کی سولر کپیسٹی نصب کی جائے گی، جبکہ طویل مدتی منصوبوں میں 40 میگاواٹ کا پروجیکٹ گوادر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے لگایا جائے گا۔
گلگت بلتستان میں بھی چھتوں اور یوٹیلیٹی سطح پر سولر پروجیکٹس کو 2027 تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے حکومت کو سالانہ ایک ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے سولر پروجیکٹ پر فوری عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ علاقے میں ماحول دوست اور مستحکم بجلی فراہم کی جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں کہا کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلاتعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں بجلی کی مستحکم فراہمی اور دیگر سہولتوں سے یہ بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن جائے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔