قائداعظم کے نواسے کی پوتی ایلا واڈیا کا عالمی فیشن ایونٹ میں چرچا،پیرس کے ’لے بال ڈیبیوٹانٹ‘ میں شاندار انٹری پیرس:دنیا کے عظیم فیشن ایونٹس میں شمار ہونے والے Le Bal Debutante میں اس بار سب سے زیادہ توجہ پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ایلا واڈیا نے سمیٹ لی۔ پیرس کے تاریخی محل میں ہونے والا یہ سالانہ ڈیبیوٹانٹ بال دنیا کی صرف 20 منتخب نوجوان خواتین کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔ ہر سال اس میں حقیقی شہزادیاں، عالمی ہائی سوسائٹی کے وارث، سپر ماڈلز کی بیٹیاں اور فیشن آئیکونز شامل ہوتی ہیں، لیکن اس بار اس ایونٹ کی اسٹار ایلا واڈیا رہیں۔ ایلا واڈیا نے کیرولائنا لینسنگ، لیڈی اسپینسر-چرچل، یولالیا اورلینز-بوربون، یو جینیا آف ہوہنزلرن سمیت دنیا بھر کی نمایاں ڈیبوٹنٹس کے ساتھ مرکزی صف میں اپنی جگہ بنائی۔ تقریب کے دوران ایلا نے 50 ہزار سے 10 لاکھ ڈالر تک مالیت کے شاندار ملبوسات زیب تن کیے اور ایفل ٹاور کے سائے میں بنائی گئی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر گئیں۔ ایلا فیشن کی دنیا میں نیا نام نہیں—انہیں یہ شوق وراثت میں ملا ہے۔ وہ بھارت کے معروف صنعتکار خاندان سے تعلق رکھنے والے جہانگیر واڈیا اور فیشن ڈیزائنر سیلینا واڈیا کی بیٹی ہیں۔ تاہم ان کی سب سے اہم پہچان ان کا قائداعظم کے خاندان سے تعلق ہے—وہ قائداعظم کے نواسے کی پوتی ہیں۔ معروف "لے بال” ایونٹ 1958 سے جاری ہے اور اسے "یوتھ کا میٹ گالا” بھی کہا جاتا ہے۔ ماضی میں مارگریٹ کوالی، للی کولنز، لوری ہاروی، آوا فلیپ، اسکاؤٹ اور ٹلولہ ولس بھی اس کا حصہ رہ چکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے