اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہو گئے۔ انہوں نے شہر میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرنے کے لیے گلاس فیکٹری کا دورہ کیا، جہاں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ سپروائزر کو معطل کر دیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ ستھرا پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو صاف ماحول کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی ستھرائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فرائض میں غفلت یا لاپروائی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ سپروائزرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی کے بہترین انتظامات ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور صفائی کے امور کی باقاعدگی سے کڑی نگرانی کی جائے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔