پاک افغان سرحد کی بندش سے 2.5 ارب ڈالر کا نقصان، افغان ٹریڈ اتاشی کی تاجروں سے ملاقات

پشاور (کیو این این ورلڈ / نصیب شاہ شینواری کی رپورٹ) افغان ٹریڈ اتاشی مفتی محمد گل سعید نے پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے پاکستان چیپٹر کے کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی اور افغان تاجروں کے نمائندے احمد گل زدران سے تعارفی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ ٹریڈ اور تجارتی سرگرمیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاک افغان سرحد کی طویل بندش کا معاملہ خصوصی طور پر زیر بحث آیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ سرحد کی بندش کو تقریباً ایک سال اور 28 دن گزر چکے ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کی تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ پاکستان اور افغانستان کو مجموعی طور پر تقریباً 2.5 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات اٹھانا پڑے ہیں۔

ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارتی روابط کی بحالی اور مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری کا کردار مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تاجروں کے درمیان رابطوں کو فروغ دے کر باہمی اختلافات کم کرنے، مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے اور تجارت و ٹرانزٹ سے متعلق زیر التوا مسائل کے عملی حل کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

افغان ٹریڈ اتاشی مفتی محمد گل سعید نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے ضیاء الحق سرحدی کی طویل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو قابل قدر قرار دیا۔

اس موقع پر افغان ٹریڈ اتاشی نے ضیاء الحق سرحدی کو تجارت کے موضوع پر اپنی حال ہی میں تصنیف اور شائع ہونے والی کتاب بھی بطور تحفہ پیش کی۔

ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی مسائل کے حل، باہمی تعاون کے فروغ اور تعمیری مذاکرات کے تسلسل کے لیے رابطے برقرار رکھے جائیں گے، تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کو درپیش مشکلات کم کرنے اور دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کو دوبارہ فروغ دینے میں مدد مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے