گوجرہ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار چوہدری عبدالرحمن جٹ) بار ایسوسی ایشن گوجرہ کی سالانہ تقریب مقامی مارکی میں صدر بار گوجرہ چوہدری اعجاز اختر کہوجہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل قیصر نذیر ساہی تھے۔
تقریب میں ممبر پنجاب بار کونسل مشتاق جٹ، صدر بار ٹوبہ ٹیک سنگھ مصور حسین گادھی، جنرل سیکرٹری عمر باجوہ، صدر بار کمالیہ رانا ریاض احمد خان، جنرل سیکرٹری کمالیہ مشتاق بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ قیصر محمود منج، ڈی ایس پی گوجرہ علم دین، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد سلطان، سابق صدور شیخ محمد جاوید، توقیر اشرف خان، مرزا محمد طارق اور چوہدری ظفر اقبال گجر سمیت مقامی بار ایسوسی ایشن کے ممبران اور ڈویژن فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے معزز وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران نقابت کے فرائض چوہدری ایاز افضل بسراء نے ادا کیے۔ صدر بار گوجرہ چوہدری اعجاز اختر کہوجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجرہ بار کے ممبران نے ہمیشہ باہمی اتحاد اور احترام کا مظاہرہ کیا ہے اور یہی ان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے اور ان شاء اللہ اس روایت کو مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر صدر بار اور دیگر منتظمین نے مہمانانِ گرامی اور شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔