قصور (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف طارق نوید سندھو ) اسٹیل باغ چوک، قادی ونڈ روڈ پر سڑک کی تعمیر کے دوران مین ڈرین کے گٹر کو بغیر مرمت اور مناسب لیول کے تارکول کی سڑک کے نیچے دبا دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اہل علاقہ نے ٹھیکیدار کے اس طریقہ کار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نکاسی آب کے نظام کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ گٹر پورے علاقے کے بارش کے پانی اور سیوریج کی نکاسی کا اہم راستہ ہے، جس کی صفائی کے لیے اسے کھولنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے گٹر پر صرف ڈھکن رکھ کر اس کے اوپر سڑک تعمیر کر دی، جس سے آئندہ اس کی صفائی اور دیکھ بھال مشکل ہو جائے گی۔
اہل علاقہ نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر گٹر سڑک کے نیچے دب گیا تو اس کی صفائی کیسے کی جائے گی اور بارش کا پانی کہاں جائے گا؟ ان کے مطابق نکاسی کا راستہ متاثر ہونے سے بارش کے دوران پانی سڑک پر جمع ہو کر تالاب کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جس سے سڑک کو نقصان پہنچنے اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہونے کا خدشہ ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق گٹر کا ڈھکن ٹوٹا ہوا ہے اور اس کا ایک حصہ اندر کی جانب گرا ہوا ہے، جس پر مٹی ڈال کر سڑک تعمیر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سڑک کا یہ حصہ بیٹھنے سے کسی جانی حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر قصور اور محکمہ ہائی وے کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر سڑک کے متاثرہ حصے کو کھولا جائے، گٹر کی باقاعدہ مرمت اور صفائی کی جائے، اس کا لیول سڑک کے برابر کیا جائے اور اس کے بعد سڑک کی تعمیر مکمل کی جائے تاکہ نکاسی آب کا نظام برقرار رہے اور شہریوں کو کسی ممکنہ حادثے یا پریشانی سے بچایا جا سکے۔