فرنٹیئر کور نارتھ تیراہ ملیشیا کے تعاون سے بچوں کے لیے تفریحی سہولیات بحال

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نور حلیم آفریدی) ضلع خیبر کی تحصیل وادی تیراہ میدان میں فرنٹیئر کور نارتھ تیراہ ملیشیا کے تعاون سے بچوں کے پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد مقامی آبادی کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ بچوں اور نوجوانوں کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

پارک کی بحالی کے ساتھ نوجوانوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور تعلیم کی جانب راغب کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ علاقے کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کا شیڈول بھی یکم نومبر سے ترتیب دیا گیا ہے۔

پارک کی بحالی سے مقامی بچوں کو تفریح کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جبکہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں میں مثبت رجحانات، نظم و ضبط، برداشت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

اس موقع پر علاقے کے مقامی مشران، والدین اور خصوصاً بچوں نے پارک کی بحالی اور تفریحی سہولیات کی فراہمی پر فرنٹیئر کور نارتھ تیراہ ملیشیا کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی مشران اور والدین نے اس اقدام کو بچوں اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک مثبت کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے بچوں کو صحت مند تفریح کے مواقع ملنے کے ساتھ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

بچوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹیئر کور تیراہ ملیشیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارک کی بحالی سے انہیں کھیلنے اور تفریح کرنے کے لیے ایک بہتر جگہ میسر آگئی ہے۔ مقامی آبادی نے امید ظاہر کی کہ علاقے میں بچوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اس طرح کے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے