ٹانک میں 4 پولیو ورکرز اغوا، مہمند میں 2 پولیس اہلکار شہید، گورنر خیبرپختونخوا کی مذمت

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک میں چار پولیو ورکرز کے اغوا اور ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی میں پولیو مہم کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ٹانک میں پولیو ورکرز کے اغوا کے واقعے پر اپنے بیان میں کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کے محفوظ مستقبل اور صحت مند پاکستان کے لیے قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہیں اغوا اور نشانہ بنانا نہ صرف انسانیت بلکہ قومی مفاد کے بھی خلاف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مغوی پولیو ورکرز کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

گورنر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ ورکرز بلا خوف و خطر اپنی قومی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

دوسری جانب فیصل کریم کنڈی نے ضلع مہمند کی تحصیل پنڈیالی میں پولیو مہم کے دوران پولیس ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران پولیس ٹیم کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔ شہید پولیس اہلکاروں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیاں ملک و قوم کے تحفظ اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا امن و امان کے ساتھ بچوں کے روشن اور محفوظ مستقبل پر بھی حملہ ہے۔ پولیو مہم کے دوران ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

گورنر نے واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں اور پوری قوم پولیس و سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے