راولپنڈی (کیو این این ورلڈ)پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے میزائل ’فاز‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ میزائل جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے تک دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فاز میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربہ پاکستان کی قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ میزائل پاک فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بنائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی صلاحیتوں کا عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کے تجربے کا مشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، جو اس منصوبے کی تیاری میں شامل تھے۔
صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے اور ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔