سیالکوٹ کے کسانوں کے لیے 15 کروڑ 45 لاکھ روپے کی سبسڈی، 14 کاشتکاروں کو ٹریکٹرز حوالے

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف مدثر رتو ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کسان دوست پالیسیوں کے تحت گرین ٹریکٹر اسکیم کے چوتھے مرحلے میں ضلع سیالکوٹ کے 206 کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسکیم کے تحت ہر ٹریکٹر پر 7 لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں ضلع کے کاشتکاروں کو مجموعی طور پر 15 کروڑ 45 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور چوہدری نوید اشرف نے 14 خوش نصیب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی چابیاں حوالے کیں۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت رانا ارشاد بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور چوہدری نوید اشرف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت کسانوں کی خوشحالی اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ گرین ٹریکٹر اسکیم کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی سے زرعی پیداوار میں اضافے اور جدید طریقہ ہائے کاشتکاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کی ہے جبکہ رواں سیزن کے دوران 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف رکھا گیا ہے۔ کسان کارڈ، آسان قرضوں کی فراہمی اور جدید زرعی آلات کی تقسیم پر مشتمل زرعی پیکج کا مقصد کاشتکاروں کو مالی سہولیات فراہم کرنا اور زرعی شعبے کو مستحکم بنانا ہے۔

اراکین اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے کسانوں کو مالی معاونت، جدید ٹیکنالوجی اور ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ کاشتکار بہتر وسائل کے ساتھ اپنی زرعی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کر سکیں۔

اس موقع پر ٹریکٹر حاصل کرنے والے کاشتکاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈی پر جدید ٹریکٹرز کی فراہمی ان کے لیے بڑی سہولت ہے۔ اس سے نہ صرف کاشتکاری کے امور میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ جدید زرعی مشینری کی خریداری پر آنے والے مالی بوجھ میں بھی کمی آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے