اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ / بیوروچیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت اوکاڑہ شہر کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے کے لیے صفائی کے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی ہدایات پر مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی کی زیر نگرانی سارکو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں کی مکینیکل واشنگ میں مصروف ہیں۔ اس مقصد کے لیے جدید مشینری اور واٹر سپرنکلر گاڑیوں کے ذریعے سڑکوں کی دھلائی کی جا رہی ہے۔
اس صفائی آپریشن کا مقصد سڑکوں پر جمع گردوغبار، مٹی اور دیگر آلودگی کا خاتمہ کرکے شہری ماحول کو صاف اور خوشگوار بنانا ہے۔ صفائی ٹیمیں مختلف علاقوں میں مرحلہ وار شاہراہوں کی دھلائی کر رہی ہیں تاکہ شہر کی اہم سڑکوں کو صاف اور گردوغبار سے پاک رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایات کے مطابق صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ کے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیمیں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے متحرک ہیں۔
سارکو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ کے تحت شہر اور تحصیل بھر میں صفائی ستھرائی کے اقدامات جاری ہیں تاکہ اوکاڑہ کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے ویژن کو عملی شکل دی جا سکے۔