کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار وقاراحمد اعوان) 3 نومبر یومِ سیاہ کے موقع پر کشمور یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام آزادیِ صحافت پر عائد پابندیوں، صحافیوں کو درپیش مشکلات اور صحافتی حقوق کے لیے کندھ کوٹ پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے آزادیِ صحافت کے حق میں آواز بلند کی۔
احتجاجی مظاہرے کے دوران شرکاء کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں ایمرجنسی کے نفاذ سے صحافت پر پابندیوں اور قدغنوں کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا، وہ آج بھی مختلف صورتوں میں برقرار ہے، جس کے باعث صحافیوں کو آزادانہ طور پر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ پاکستان میں صحافت کا شعبہ مسلسل مشکلات سے دوچار ہے اور صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے مختلف چیلنجز اور مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آزادانہ صحافت کے لیے سازگار ماحول کی عدم دستیابی بھی صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کو متاثر کر رہی ہے۔
شرکاء نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ، آزادیِ صحافت اور صحافتی حقوق کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، آزادیِ صحافت پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں اور صحافیوں کو بلاخوف و خطر اپنے فرائض انجام دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
احتجاج کے اختتام پر کشمور یونین آف جرنلسٹس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادیِ صحافت کے تحفظ، صحافیوں کے حقوق اور پیشہ ورانہ آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔