منڈی بہاؤالدین میں صفائی کا معیار بہتر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کا اہم اجلاس

منڈی بہاؤالدین ( کیو این این ورلڈ / جنرل رپورٹر جنید طالب نوشاہی) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے ضلع کونسل ہال میں ضلع بھر کے یونین کونسل سیکرٹریز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، صفائی ٹیموں کی نگرانی اور کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ذوالفقار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عدنان ظفر رانجھا، سی او ضلع کونسل اور ضلع بھر کے تمام یونین کونسل سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تمام یونین کونسلز میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور معیاری بنانے کے لیے یونین کونسل سیکرٹریز اپنی اپنی حدود میں صفائی ٹیموں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور انہیں درکار معاونت فراہم کرتے ہوئے صفائی کے امور میں فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر کی ہر گلی، محلے اور علاقے میں صفائی کا یکساں معیار یقینی بنایا جائے جبکہ کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ افسران اور عملے کو ذمہ داری، مستعدی اور باہمی تعاون کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینا ہوں گے تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے