گوجرانوالہ ( کیو این این ورلڈ / بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چار مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران سنگین جرائم میں ریکارڈ یافتہ دو خطرناک ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران اسلحہ، منشیات اور چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقے میں پولیس ناکے پر ڈکیتی، راہزنی، چوری، منشیات فروشی اور موٹرسائیکل چوری سمیت سنگین جرائم کے 25 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو حسن سجاد عرف لپی نے اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈاکو 30 اکتوبر 2026 کو تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقے محافظ ٹاؤن میں موٹرسائیکل چھیننے کی واردات کے دوران 12 سالہ بچے عبداللہ کو چھریوں کے وار سے شدید زخمی کرکے فرار ہو گیا تھا۔ بچے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو برآمدگی کے بعد واپس لایا جا رہا تھا کہ اس کے چار نامعلوم ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کرکے اسے حراست سے فرار کروانے کی کوشش کی تھی۔
دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ صدر وزیرآباد کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اقدام قتل، ضرر اور منشیات فروشی سمیت متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش خالد محمود اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ پولیس ناکے پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران وہ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے موقع سے 1400 گرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا۔
دوسری جانب تھانہ باغبانپورہ پولیس نے کارروائی کے دوران منشیات فروشی، راہزنی، چوری اور موٹرسائیکل چوری سمیت 55 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم عدیل عرف عدیلو کو پولیس ریڈ کے دوران فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے منشیات بھی برآمد کی گئی۔
اسی طرح تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے اقدام قتل، منشیات فروشی، چوری اور موٹرسائیکل چوری سمیت درجن سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم محمد نفیس کو پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
ادھر سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے چاروں واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی اور تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔