خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل، ملزم بیٹے کا دوست نکلا

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ، ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ): تھانہ صدر پولیس نے چک سادہ میں دھان کی فصل سے ملنے والی 48 سالہ خاتون کی لاش کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مبینہ ملزم عمر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم مقتولہ کے بیٹے کا دوست تھا اور اسے بیٹے کی تلاش کے بہانے کھیتوں میں لے گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق 29 ستمبر کو چک سادہ میں دھان کی فصل سے 48 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر رانا ندیم طارق کو ملزم کی گرفتاری اور مقدمے کی تفتیش مکمل کرنے کا ٹاسک تفویض کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر اویس ارشد اور ان کی ٹیم نے مؤثر تفتیش اور دستیاب شواہد کی مدد سے ملزم عمر کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران ملزم کے ہاتھوں اور بازوؤں پر دانتوں کے نشانات اور مزاحمت کے آثار اہم شواہد ثابت ہوئے جن کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم مقتولہ کے بیٹے کا دوست تھا اور اسے اس کے بیٹے کی تلاش کا بہانہ بنا کر کھیتوں میں لے گیا۔ پولیس کا الزام ہے کہ وہاں ملزم نے خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش کی جس کے دوران خاتون نے مزاحمت کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر خاتون کا گلا اور منہ دبا کر اسے قتل کر دیا اور بعد ازاں لاش دھان کی فصل میں چھپا دی۔

ڈی پی او سیالکوٹ دوست محمد نے کہا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پیش رفت کی جا رہی ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے قانونی تقاضوں کے مطابق مؤثر پیروی کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔ ملزم کے خلاف عائد الزامات تاحال زیرِ تفتیش ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے