رینالہ خورد (نامہ نگار) اراضی کی تقسیم کے لیے بیوہ خاتون سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت وصول کرنے کے الزام میں اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے پٹواری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جبکہ ذرائع کے مطابق ملزم کو مبینہ طور پر گرفتار کرنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 27 ٹو ایل کی رہائشی مرحوم محمد حنیف کی بیوہ نسرین نے اپنی زرعی اراضی کی تقسیم کے لیے تحصیلدار رینالہ خورد کو درخواست دی تھی۔ درخواست پر تحصیلدار رینالہ خورد عثمان علی نے متعلقہ حلقہ پٹواری سے اراضی کی تقسیم، یعنی ونڈاجات، کے حوالے سے رپورٹ طلب کی۔
درخواست گزار کے مطابق حلقہ پٹواری علی رضا نے اراضی کی تقسیم کی رپورٹ تیار کرنے کے لیے اس سے ایک لاکھ روپے سے زائد رقم بطور رشوت وصول کی۔ خاتون نے الزام لگایا کہ رقم وصول کرنے کے باوجود پٹواری نے رپورٹ مکمل نہیں کی اور بعد ازاں مزید ایک لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کردیا۔
بیوہ نسرین کے مطابق متعلقہ پٹواری کئی ماہ تک اسے مختلف بہانوں سے دفتر کے چکر لگواتا رہا، جس کے باعث اسے شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرہ خاتون نے انصاف کے حصول کے لیے اینٹی کرپشن اوکاڑہ سے رجوع کیا، جس پر اینٹی کرپشن پولیس نے درخواست کی بنیاد پر حلقہ پٹواری علی رضا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے پٹواری کو مبینہ طور پر گرفتار بھی کیا، تاہم بعد میں اسے چھوڑ دیا گیا۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
متاثرہ خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور اسے اراضی کی تقسیم کے معاملے میں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
