14 ستمبر سے نادرا ویکسین کارڈ کے بغیر بیرون ملک سفر پر پابندی

کراچی (کیو این این ورلڈ) ائیرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ محکمے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 14 ستمبر سے نادرا سے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی مسافر کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اعلامیے میں خصوصاً عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفر سے قبل نادرا کا ویکسین کارڈ لازمی حاصل کریں تا کہ روانگی کے وقت کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

ائیرپورٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کی ویکسینیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری واحد باضابطہ مرکز ہے۔ تمام ائیرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمرہ زائرین اور دیگر بین الاقوامی مسافروں کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی مکمل تصدیق کو یقینی بنائیں۔

علاوہ ازیں ائیرپورٹ پر ویکسین لگوانے کے خواہش مند مسافروں کو پرواز کے مقررہ وقت سے 6 گھنٹے قبل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں انٹرنیشنل ڈپارچر پر مسافروں کی ویکسینیشن اور آن لائن رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے