اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی اور یہاں مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال پاک چین دوستی کی لازوال مثال ہے اور اس کا نام مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین نے کورونا وبا کے دوران پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا، تاہم وبا کے بعد ہسپتال کی بندش انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر سے آنے والے مریض اس ہسپتال میں مفت طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ صحت کے شعبے میں عوام اور دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں، جبکہ عوام کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی رہیں گی۔
وزیراعظم کے مطابق انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے ہسپتال کے سالانہ اخراجات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مناسب رعایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ہسپتال غیر منافع بخش بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ پاک چین فرینڈشپ ہسپتال وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہسپتال کا نام پاک چین فرینڈشپ ہسپتال رکھنے کے فیصلے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔