استنبول: (کیو این این ورلڈ) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران استنبول میں اعلیٰ سطح کی اہم ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاقان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
"پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا دفاعی و اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق”

جنرل عاصم منیر نے مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع کے تحت پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس کے دوران تینوں ممالک نے اسٹریٹجک رابطہ کاری اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ترکیہ میں یہ ملاقاتیں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاس ہیں۔