گبیگا سمیت نشہ آور ادویات کی غیر قانونی فروخت پر سخت کارروائی ہوگی، ڈرگ انسپکٹر

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ /بیوروچیف نصیب شاہ شینواری):ڈائریکٹر جنرل ڈرگز عباس خان کی ہدایت پر ضلع خیبر کے ڈرگ انسپکٹر باقر نے لنڈی کوتل کا دورہ کیا، جہاں گبیگا سمیت دیگر نشہ آور ادویات کی ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر فروخت کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں باچاخان چوک سے پریس کلب تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

واک میں عوام، میڈیکل اسٹور مالکان، فارمیسی سے وابستہ افراد اور دیگر متعلقہ شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے نشہ آور ادویات کے غیر قانونی استعمال اور بغیر نسخے فروخت کی روک تھام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آگاہی بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر ڈرگ انسپکٹر باقر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گبیگا سمیت تمام نشہ آور ادویات کی ڈاکٹر کے باقاعدہ نسخے کے بغیر فروخت قانوناً جرم ہے اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور ڈرگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے میڈیکل اسٹور مالکان پر زور دیا کہ وہ ادویات کی فروخت کے حوالے سے حکومتی قوانین، ڈرگ ریگولیشنز اور ضابطہ کار کی مکمل پابندی کریں تاکہ نشہ آور ادویات کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی ہو اور معاشرہ اس خطرناک رجحان سے محفوظ رہ سکے۔

ڈرگ انسپکٹر باقر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ نشہ آور ادویات کے غیر قانونی استعمال اور فروخت کی حوصلہ شکنی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں تاکہ قانون پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے