ننکانہ صاحب میں یومِ استحصالِ کشمیر پر یکجہتی ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز)یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ننکانہ صاحب میں ضلع کونسل ہال سے گوردوارہ جنم استھان تک یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رسلان زاہد نے کی۔ ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر گوردوارہ جنم استھان پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں سرکاری افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلبہ، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف نعرے لگائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے اور پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رسلان زاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی یاد دلاتا ہے اور اس دن کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت غیر متزلزل ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی برادری کی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، انصاف، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

ریلی کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی، شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی استقامت و کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے