بچوں کی معمولی تکرار خونریز جھگڑے میں بدل گئی، میہڑ میں 12 افراد زخمی

میہڑ (کیو این این ورلڈ / منظور علی جوئیہ) :میہڑ کے نواحی گاؤں احمد خان چھابڑو میں بچوں کی معمولی تکرار نے اس وقت سنگین رخ اختیار کر لیا جب چھابڑو برادری کے دو گروپ آمنے سامنے آگئے۔ جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد تصادم میں تبدیل ہوگیا، جس دوران ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، نتیجتاً 3 خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع اور مقامی افراد کے مطابق تصادم میں ایک گروپ کے اکبر چھابڑو، احسان چھابڑو، ذوالفقار چھابڑو اور ارباب چھابڑو جبکہ دوسرے گروپ کے امتیاز چھابڑو، معشوق چھابڑو، پیارو چھابڑو، برکت چھابڑو اور طالت چھابڑو زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ مسمات شاہل خاتون، مسمات فائزہ اور مسمات مٹھان چھابڑو بھی جھگڑے کی زد میں آ کر زخمی ہوگئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے تمام زخمیوں کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے چانڈکا اسپتال لاڑکانہ ریفر کر دیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں امتیاز چھابڑو اور معشوق چھابڑو کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے، تاہم آخری اطلاعات تک فرید آباد تھانے میں کسی بھی فریق کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور دونوں فریقین کے مؤقف کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے