اسلام آباد (کیو این این ورلڈ): یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے یومِ استحصالِ کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کا غیرقانونی قبضہ، فوجی محاصرہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں انتہائی تشویشناک ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ طرزِ عمل خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا رہے ہیں، جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل پر ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج بھارتی غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی آزادی کی جائز اور برحق جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔