بحیرۂ احمر میں بھارتی پرچم بردار جہاز نشانہ بن گیا، تمام 14 افراد محفوظ

کیو این این ورلڈ | انٹرنیشنل ڈیسک:یمن کے قریب بحیرۂ احمر میں ایک پروجیکٹائل حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز ایم ایس وی فائز نورِ اولیا (MSV Faize Noore Oliya) ڈوب گیا، تاہم کوسٹ گارڈ نے جہاز پر سوار تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق حملہ یمن کی سمندری حدود کے قریب پیش آیا، جہاں جہاز کو ایک پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا۔ مقامی حکام کے مطابق جہاز پر سوار تمام 14 افراد، جن میں 13 بھارتی شہری اور ایک یمنی شامل تھا، بندرگاہ الحدیدہ کے جنوب میں محفوظ طریقے سے نکال لیے گئے۔

بھارت کے وزیرِ جہاز رانی سربانندا سونووال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصدیق کی کہ جہاز کو یمنی سمندری حدود کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ بھارت نے اس واقعے کو "بلااشتعال حملہ” قرار دیا ہے۔

دوسری جانب یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملے کی ذمہ داری ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں پر عائد کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ متعدد آئل ٹینکروں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کر چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے